top of page

حضرت سید شاہ محمد خلیل اللہ جنیدی رحمتہ اللہ علیہ

محترم سید شاہ محمد خلیل اللہ جنیدی رحمتہ اللہ علیہ کی خاصیت ہے جو بیک وقت ایک شفیق والد،ہردل عزیز استاد اور روحانی شخصیت کے مالک تھے – آپ بھارت کے صوبہ اتر پردیش       ( یوپی) کے شہرغازی پور کے حسنی حسینی سادات گھرانے میں ۱۹۳۲میں پیدا ہوئے، خاندانی اعتبار سے آپ کا شمار غازی پور کے امراء میں ہوتا تھا ،اس خاندان کے بیشتر افراد ہندوستان میں اور قیام پاکستان کے بعد ملک کے اعلی ترین عہدوں پر فائز رہے ،اور آج بھی مختلف شعبوں میں کارہائے نمایا ں انجام دئے رہے ہیں شاہ خلیل اللہ رحمتہ اللہ علیہ کے والد سید شاہ محمد حفیظ اللہ انڈین یولیس میں ایس پی کے عہدہ پر تعینات تھے

 شاہ صاحب قبلہ کا شمار اپنے بہن بھائیوں میں سب سے آخری تھا، پیدائش سے چند ماہ قبل ہی والد بزرگوار کا سایہ سر سے اٹھ چکا تھا اور پیدائش کے ایک سال بعد والدہ ماجدہ بھی رحلت فرما گئیں آپ کی پرورش کی ذمہ داری بڑی بہنوں اور خاندان کے دیگر بزرگوں کے حصہ میں آئی، ابتدائی تعلیم غازی پور کی ایک درسگا ہ سے حاصل کی جبکہ اعلیٰ تعلیم کے لیے کلکتہ اور الہ آباد کا سفراختیار کیا، قیام پاکستان سے قبل الہ آباد میں قیام کے دوران ترقی پسند تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا  ترقی پسند تحریک کے ساتھیوں میں ممتاز محقق و شاعر ڈاکٹر اجمل اجملی ، تیغ الہ آباد ی جوپاکستان آمد کے بعد مصطفے زیدی کہلائے اور اردو جاسوسی ناول نگاری کے موجد اسرار احمد جوابن صفی ، اسلام چنگیزی و دیگر شامل تھے جبکہ دیگر ساتھیوں میں نعتیہ شاعر راز الہ آبادی ، نافع رضوی و دیگر شامل تھے، ناموس رسالت کی تحریک میں بھی آپ پیش پیش رہے اور اس دوران جیل کی صعوبتیں بھی برداشت کیں آپ شاعری سے بھی شغف رکھتے تھے اور ایک مستند ترقی پسند شاعر کی حیثیت سے پہچانے جاتے تھے آپ کا تخلص ندیم غازی پوری تھا اسی دوران آپ درس وتدریس اور صحافت کے شعبہ سے بھی وابستہ رہے ،، ملازمت کے حصول میں بمبئی چلے گئے جہاں کچھ عرصے روزنامہ انقلاب سے وابستہ رہے                           

شاہ صاحب قبلہ کے خاندان کے بیشتر افراد قیام پاکستان کے بعد کراچی اور لاہور منتقل ہوچکے تھے اور اعلی سرکاری عہدوں پر فائز تھے آپ کے بڑے ماموں شاہ نذیر عالم جو بھارت کے صوبے یوپی میں ڈی آئی جی پولیس کے عہدہ پر تعینات تھے پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان کی درخواست پر بھارت سے پاکستان چلے آئے ، اور آئی جی پولیس پاکستان کے عہدے پر فائز رہتے ہوئے محکمہ پولیس کی تنظیم نو کی ، خاندان کے بزرگوں کے حکم پر شاہ صاحب قبلہ بھی انیس سو انسٹھ میں پاکستان چلے آئے۔ خاندان کے افراد چونکہ کراچی کے علاقے ناظم آباد نمبر دومیں قیام پزیر تھے لہذ ا آپ نے بھی ناظم آباد کو ترجیح دی اور درس و تدریس کے اس سلسلے کو جس کا آغاز الہ آباد سے کیا تھا اور دوران ہجرت موقوف ہوگیاتھا ایک بار پھر کراچی پہنچنے پرجاری وساری ہوگیا، ناظم آباد کے علاقے گولیمار کے پسماندہ محلہ علی بستی میں چند دوستوں کے ساتھ مل کر ضیاء العلوم کے نام سے ایک اسکول کی بنیاد رکھی ، تاہم بعدازاں سرکاری ملازمت اختیار کرلی اور گورنمنٹ بوائزسیکنڈری اسکول نمبر۲ پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی بلاک  ۶ سے وابستہ ہوکر رہ گئے اور اسی اسکول سے ریٹائرمنٹ حاصل کی۔ ۱۹۸۰  کی دہائی میں آپ ایک بار پھر بھارت تشریف لے گئے جہان اپنے آبائی شہر غازی پور میں قطب الااقطاب سید شاہ جنید غازی پوری رضی اللہ تعالی عنہ اور دائرہ شاہ اجمل الہ آباد میں حضرت سید شاہ محمد افضل الہ آبادی شاہ اجمل رحمتہ اللہ علیہ سمیت دیگر بزرگان دین کے مزارات پر حاضری دی ۔ الہ آباد میں قیام کے دوران حضرت موصوف  حضرت ولی کامل واکمل قطب الصمدمولانا شاہ سید احمد اجملی جنیدی قادری رحمتہ اللہ علیہ سابق سجادہ نشین دائرہ شاہ اجمل الہ آباد یوپی انڈیا کے دست حق پرسلسلہ قادریہ جنیدیہ میں بیعت ہوئے حضرت نے خرقہ وخلافت سے سرفراز کیا اورچاروں سلاسل میں بیعت کی اجازت عطا ء فرمائی بھارت سے واپسی کے بعد پاکستان میں باقاعدہ سلسلہ جنیدیہ قادریہ واجملیہ کی ترویج کا کام شروع کیا ۔

 

حضرت شاہ صاحب قبلہ ۲۰۰۶ میں زیارت حرمین شریفین کی غرض سے سعودی عرب تشریف لے گئے تھے جہاں ۲۱ رمضان المبارک کو مدینہ منورہ میں بعد نماز تراویح وصال فرما  گئے ۔

حضرت شاہ صا حب کو جنت البقیع کے پرانے حصہ میں حضرت حلیمہ سعدیہ اور

حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالی عنہ کی قبروں کے درمیان سپرد خاک کیا

شاہ صاحب کے چند اشعار

تلخ آب سہی، زہر آب سہی، پینے دے مجھے ایک جام سہی
ہنس بول کے جی لوں چند لمحے  یہ زیست برائے نام سہی

ڈھلتی ہے جو شب تو ڈھلنے دو اسکا بھی مداوا ہوتا ہے  
چھٹ جائے گی تاریکی یہ صبح خیالِ خام سہی

یہ کم ہے کہ تیرے غم ہی کو اشکوں سے سنوارا کرتا ہوں
تیرا یہ ندیم ہے نغمہ سرا ،برباد سہی بدنام سہی

شاعری میں ندیم تخلص کا استعمال کیا کرتے تھے۔ بھارت میں قیام کے دوران ایک ناول چنوتی کے نام سے شائع ہوا ہے ۔​

EK

© 2023 by EK. Proudly created with Wix.com

  • w-facebook
  • Twitter Clean
  • w-flickr
© Copyright
bottom of page